اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق پرائیویٹ ٹوورز آپریٹرز کا 10 فیصد منہا کیا جانیوالا کوٹہ بحال کردیا گیا۔ مذہبی حلقوں اور حج سے متعلقہ تنظیموں نے وزارت مذہبی امور کی حج پالیسی میں خامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حج پالیسی ڈرائنگ روم کی بجائے قومی حج کانفرنس بلا کر بنائی جاتی تو شاید آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ پرائیویٹ ٹوورز آپریٹرز بھی حج آپریشن کا ایک اہم حصہ ہیں، اگر وزارت مذہبی امور انہیں بلا کر اور انکی مشاورت سے حج کوٹہ میں کمی کرتی تو شاید انہیں بھی اعتراض نہ ہوتا لیکن وزارت مذہبی امور کے حکام اہم فیصلے اکیلے کرنے کے عادی ہیں جس کا خمیازہ آج متوسط طبقے کے عازمین کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ واضح رہے وزارت مذہبی امور نے اس مرتبہ حج پالیسی اعلان کرتے ہوئے گورنمنٹ سکیم کے کوٹے میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا تھا جس کیخلاف ٹوورز آپریٹرز نے سندھ ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی تھی جس پر سندھ ہائیکورٹ نے ان کیخلاف فیصلہ دیا تھا مگر سپریم کورٹ نے اس فیصلہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پرائیویٹ ٹوورز آپریٹرز کا منہا کیا جانے والے کوٹہ بحال کردیا ہے۔ ان تنظیموں نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت مذہبی امور کو احکامات جاری کریں کہ قرعہ اندازی کے بعد ناکام رہنے والے درخواست دہندگان کیلئے خصوصی پیکیج بنایا جائے۔
وزارت کے فیصلوں کا خمیازہ متوسط طبقے کے عازمین حج بھگت رہے ہیں: مذہبی حلقے
May 04, 2016