اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلم اُمہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے کیونکہ دہشت گرد اپنے گمراہ کن نظریات کی وجہ سے اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات قطر کے سفیر سقربن مبارک المنصوری سے با ت چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان ِ صدر میں گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے جو انسانی جان کی حرمت پر یقین رکھتا ہے اور بے گناہ افراد کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ گمراہ عناصرنے خونریزی کر کے اسلام کو بدنام کیا ہے جس سے نمٹنے کیلئے اسلامی ملکوں کو مل کرکام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور مختلف شعبوں میں باہم تعاون کر نا چاہئے۔صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے پر زور دیا اور پاکستان سے ہنر مند اور غیر ہنر مند کارکنوں کے درآمد کے فیصلے پر حکومتِ قطر کے فیصلے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے بڑی تعداد میں افرادی قوت کی ضرورت پڑیگی جس کیلئے پاکستان قطر سے تعاون کریگا۔ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہے جس سے قطر جیسے دوست ممالک کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ قطر کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں اور قطرکے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔