کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈجام خان شورو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پارٹی منشور کے تحت مرحوم ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کا وعدہ پورا کیا ہے۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں 2000 سے 2016 تک دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین کی بیواﺅں اور بچوں کو ملازمت دی گئی ہے۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام اداروں میں اس طرح کے اقدامات کو یقینی بنائیں اور تما م ملامتیں صاف و شفاف طریقے سے میرٹ پر دی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ ایک سادہ و پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی، ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے محمود قادری ، پیپلز لیبر یونین واٹر بورڈ کے لیاقت مگسی اور محسن رضا اور دیگر شریک ہوئے۔وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جام خان شورو نے واٹر بورڈ کے دوران ملازمت انتقال کرنے والے 461ملازمین کے بچوں اور بیواﺅں میں تقرر نامے جاری کردئیے اور تقریب میں موجود مرحومین کے بچوں میں اپنے ہاتھوں سے انہیں تقررنامے دئیے۔جام خان شورو نے کہا کہ گذشتہ 16 برس میں دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین میں سے 571 کے بچوں اور بیواﺅں نے ملازمت کے لئے درخواست دی تھی اور تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دی تھی کہ صاف و شفاف طور پر ان کی اسکرونٹی کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ جس پر انہوں نے ایک پانچ رکنی کمیٹی ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے محمود قادری کی سربراہی میں بنائی، جس نے 571 میں سے 461 ملازمین کی تقرری کی سفارش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آج ان تمام کو تقررنامے جاری کردئیے گئے ہیں اور یہ ہماری پارٹی کے منشور کے عین مطابق ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ ہم وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کے انتہاہی مشکور ہیں کہ انہوں نے واٹر بورڈ میں گذشتہ 16 برس سے دوران ملازمت انتقال کرنے والے ملازمین میں سے ان کے بچے یا بیوا کو ملازمت کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور اس کے لئے ایک اسکرونٹی کمیٹی کی تشکیل کی ہدایات کی۔