لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے کہ علماء و مشائخ کودرد مشترک اور قدر مشترک پر متحد ہو جانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام علماء و مشائخ کے اعزاز میں دعوت استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ میں کہا کہ ہمیں آپس میں مسلکوں کی بنیاد پر تقسیم ہونے کی بجائے اسلامی دشمن قوتوں کی بیرونی سازشوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہوگا۔ جماعت اسلامی قیام پاکستان کی طرح استحکام پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود نے کہا اسلام کی بقاء اور استحکام پاکستان کے لیے علماء و مشائخ قوم کی قیادت کا فریضہ سرانجام دیں ۔امیر جماعت اسلامی لاہورذکراللہ مجاہدنے کہا علماومشائخ کے اتحادسے ہی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ اور استحکام پاکستان کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ چیئرمین علماء و مشائخ رابطہ کونسل پاکستان خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا کہ پاکستان کا تعلیمی نظام جس میں اسلام اور علماء و مشائخ کے کردار کو اہمیت حاصل تھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔ مولانا جاوید قصور ی نے کہا یہودونصاریٰ کی سازشوں کے نتیجہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کی طرح پاکستان بھی بیرونی سازشوں کی زد میں ہے۔ پیرافضال زنجانی نے کہا کہ اپنا مسلک چھوڑونہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں یہی نظریہ اتحاد امت کا نظریہ بن سکتا ہے۔
ملکی حالات کا تقاضا ہے علماو مشائخ متحد ہو جائیں:لیاقت بلوچ
May 04, 2017