رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کی شدید لہر‘ اشیا خورد و نوش لوگوں کی پہنچ سے دور‘ رمضان بازاروں میں عوام کو دھوکا دیا جاتا ہے

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کی خواتین نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہوشربا مہنگائی کی لہرپرشدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے حکومت سے مہنگائی کاجن بوتل میں بندکرنے کامطالبہ کیا ہے ۔ گزشتہ روز نوائے وقت سروے میں تحریک انصاف شعبہ خواتین لاہورکی صدر روبینہ جمیل نے کہا کہ حکومت کے سب اعلانات کھوکھلے دعوے ثابت ہوئے ہیں حکمرانوںکوغریبوںکے مسائل کاکچھ اندازہ نہیں ، عام استعمال کی دیگر اشیاء کے علاوہ اشیائے خورونوش بھی لوگوںکی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں، رمضان بازاروںکی صورت میںعوام کودھوکہ دیاجاتا ہے کام کی کوئی چیزوہاںدستیاب نہیںہوتی۔پیپلزپارٹی شعبہ خواتین لاہورکی سابق صدرفائزہ ملک اورمسلم لیگ ق شعبہ خواتین پنجاب کی خدیجہ فاروقی نے کہاکہ عوام کوسڑکوںکی نہیںروٹی کی ضرورت ہے ۔ ورکنگ خواتین نبیلہ شاہین اور حمیراخان نے کہاکہ ابھی سے دکانداروںاور منافع خوروں نے لوٹنا شروع کردیا ہے جس سے گھریلوبجٹ درہم برہم ہوکررہ گیاہے، پرائس کنٹرول کمیٹیاںبھی منافع خوروںکے ساتھ مل جاتی ہیں مگر کوئی انہیں پوچھنے والانہیں۔ یونیورسٹی طالبات ماہین جاویداور گیتی آرانے کہاکہ ہم رمضان المبارک سے پہلے ہی عید کی تیاریاںکرلیتی ہیںمگراس سال تومہنگائی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کو روزمرہ اخراجات کے سلسلے میں بھی مشکلات کاسامناکرنا پڑرہاہے۔ گھریلوخواتین سدرہ اورماریہ نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمدسے قبل مہنگائی کی تازہ لہرکے باعث غریب اور متوسط طبقے کی خواتین کیلئے استقبال رمضان کی تیاریاں انتہائی مشکل ہوگئی ہیں۔ بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے رمضان المبارک میں سحروافطار کیلئے خریداری کااہتمام انتہائی دشوار ہوگیا ہے، ہم کہاںجائیں، پرائس کنٹرول کمیٹیاںکہاںہیںاورکیوںفعال نہیں، رمضان بازاروں میں بھی ہم عوام کوبیوقوف ہی بنایاجاتاہے، شہبازشریف کچھ تووعدوںاور عوام دوستی کے اعلانات کاپاس کریں۔

ای پیپر دی نیشن