اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جاپان برہان ٹرانسمیشن لائن ”انفورسمنٹ“ منصوبے کے لئے نرم شرائط پر 24 ملین ڈالر کا قرضہ دے گا۔ جاپان کے وزیر خارجہ گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے‘ معاہدہ کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ جاپان کے اکناک قونصلر ہارادا نے گزشتہ روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کا قرضہ رعایتی ہو گا جو 30 سال کی میعاد میں واجب الادا ہو گا اور اس پر 0.1 فیصد شرح سود لاگو ہو گی۔ انہوں نے کہا توقع ہے کہ ٹرانسمیشن لائن کے اس منصوبے کے ٹھیکہ کے عمل میں جاپانی کمپنیاں بھی شریک ہوں گی اور جاپانی کمپنی منصوبے کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی اس سے اعلیٰ درجے کی جاپانی ٹیکنالوجی پاکستان آ سکے گی‘ معاہدہ پر آج دستخط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا مقصد پاکستان کے نیشنل گرڈ کو بہتر بنانا ہے اس سے تربیلا ڈیم سے برہان تک 220 کے وی لائن کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ اسلام آباد اور اس کے گردو نواح کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو بہتر بنایا جا سکے۔ جاپانی وزیر خارجہ آج وزیراعظم نواز شریف‘ قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقاتیں کرنے کے بعد 5 مئی کو مزار قائد پر حاضری دیں گے۔ وہ گورنر سندھ سے بھی ملیں گے۔
,جاپان‘ برہان ٹرانسمیشن لائن منصوبہ کیلئے 24 ملین ڈالر کا قرضہ دےگا
May 04, 2017