حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکورٹی الرٹ

May 04, 2018

سہون شریف/کراچی (نامہ نگار/کرائم رپورٹر) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ہدایت دیہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکورٹی کو انتہائی مستعد اور الرٹ رہنے ہوئے یقینی بنایا جائے انہوں نے کہاکہ لعل شہباز قلندرؒ کے مزار اور اس کے اطرف کے علاقوں میں کڑی نگرانی‘ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس سمیت انٹیلی جنس کلیکشن اور شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے عمل کو ہر سطح پر انتہائی مربوط اور موثر بنایا جائے‘ غیر معمولی سیکورٹی کی جملہ ترجیحات اور اس کے تحت مزار کے داخلی روٹ پر عرس کے شرکاء کی فزیکل سرچنگ کے عمل کو منتظمین کی جانب سے مقرر کردہ رضاکاروں کے تعاون سے یقینی بنایا جائے جبکہ اس عمل کے دوران خواتین پولیس اہلکاروںکی خدمات کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہاکہ سندھ کے تمام شہروں اور دیگر صوبوں سے عرس کی تقریبات میں زائرین و عقیدت مندوں کی ایک کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر مزار کے اندرونی اور اطراف کے حصوں میں منتظمین کی مشاورت سے مجموعی سیکورٹی امور کو غیر معمولی کیا جائے۔ علاوہ ازیں مزار کے اطراف اور مزار کی مرکزی شاہراہ پر کسی بھی قسم کی پارکنگ کو ممنوع رکھا جائے جبکہ زائرین اور قافلوں کی گاڑیوں کیلئے مزار سے مناسب فاصلوں پر نہ صرف پارکنگ لاٹس مختص کی جائیں بلکہ پارکنگ لاٹس پر کڑی نگرانی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام گاڑیوں کی سرچنگ کو بھی ممکن بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہاکہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز عرس کی تقریبات کے آغاز سے لے کر اختتام تک تمام ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجود رہنے اور لمحہ بہ لمحہ انٹری نوٹ کرانے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے جملہ اقدامات کی نگرانی کا بھی پابند بنائیں۔

مزیدخبریں