اسلام آباد (صباح نیوز‘نوائے وقت نیوز) احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ اور تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے اپنے بیان میں بتایا نیلسن اور نیسکول کے بے نامی دار مالک نواز شریف ہیں۔ جے آئی ٹی خط کے جواب میں برطانوی حکام نے شریف خاندان کا نام نہیں لکھا۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ نواز شریف اور مریم نواز عدالت میں پیش ہوئے۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کے گواہ اور نیب کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر پر جرح کی۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے عدالت سے درخواست کی کہ گواہ نے جو کچھ کہا ریکارڈ پر آنا چاہیے۔تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا تفتیش کے دوران سامنے آیا نیلسن اور نیسکول آف شور کمپنیاں ہیں جن کے بے نامی دار مالک میاں نواز شریف ہیں، تاہم یہ درست ہے کہ ایم ایل ایز کے جواب میں نیب کو موصول دستاویزات میں نواز شریف، مریم، حسن اور حسین نواز کے نام نہیں۔ دستاویزات جے آئی ٹی کے27 مئی2017کو لکھے گئے ایم ایل اے کے جواب میں آئی تھیں۔ ایم ایل ایزمیں نیلسن اور نیسکول کے اصل مالک سے متعلق معلومات مانگی گئی تھیں۔ عمران ڈوگر نے بتایا جے آئی ٹی کے لکھے گئے ایم ایل کا جواب یو کے سنٹرل اتھارٹی کے ذریعے موصول ہوا۔ ڈی جی نیب نے نہیں بتایا برطانیہ سے آنے والی دستاویزات کہاں موصول ہوئی ہیں۔ معمول ہے ایم ایل اے کا جواب نیب ہیڈ کواٹرز سے ہی وصول کرتے ہیں۔ ایم ایل اے جواب میں موصول دستاویزات کا فرض مقبوضگی اس لیے نہیں بنایا کہ دستاویز فوٹو کاپی تھی جو دستاویزات موصول ہوئی وہ خط جے آئی ٹی نے گزشتہ سال مئی میں لکھا تھا۔تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں کہا خط میں جے آئی ٹی نے لندن فلیٹس کے اصل اور بینفشل مالکان کا پوچھا تھا۔ برطانوی جواب میں نواز شریف اور انکے بچوں کا نام بطور مالک نہیں۔ ایف آئی اے، بی وی آئی کے خطوط میں نواز شریف کے بچوں کا نام سامنے آیا تھا۔ نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی۔
احتساب عدالت
برطانوی حکام نے جواب میں نوازشریف انکے بچوں کو لندن فلیٹس کا مالک نہیں لکھا : تفتیشی افسر نیب
May 04, 2018