نوازشریف نے ملک کو کھوکھلا کر دیا‘ اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں : زرداری

May 04, 2018

لاہور ( خصوصی رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ نواز شریف نے ملک کھوکھلا کر دیا ہے اور موجودہ حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں جس سے پاکستان دنیا میں تنہا ہو گیا ہے۔ وہ گزشتہ دور بلاول ہاﺅس میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن بھی موجود تھے ۔ آصف زرداری نے مزید کہا ان کے دور حکومت میں پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات تھے ۔ انہوں نے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں کوئی نریندر مودی کا دوست بننا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان دشمنی کر رہے ہیں اور جو پاکستان کا دشمن ہے وہ ہمارا دشمن ہے۔ آصف زرداری نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا عمران خان لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی منشور نہیں جو کام میں5سال پہلے کرتا ہوں وہ ان کو 5سال بعد یاد آتا ہے۔ انہوں نے کہا بے نظیر بھٹو فاٹا کے انضمام کیلئے عدالت گئی تھیں کیونکہ فاٹا کے عوام بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا نواز شریف اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق آصف علی زرداری سے فیصل صالح حیات کی قیادت میں وفد نے بلاول ہاﺅس لاہور میں ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) وہاڑی کے صدر محمد عمران اورسابق ڈپٹی کمشنر اکبر خان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اوکاڑہ کے وفد سے گفتگو میں سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے نااہلوں کی حکومت ہو رہی ہے، پی پی پی کے دور میں خارجہ پالیسی اور دیگر امور احسن اور اچھے انداز سے چلتے رہے، حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہا تھوں سے لوٹا جو لوگ ہمیں سڑکوں پر لا نا چا ہتے تھے اللہ کے فضل و کرم سے وہ خود سڑکوں پر آگئے ہیں، پی پی پی نے ہمیشہ بی بی اور بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھایا ہے۔ ہم نے اداروں کا انتہائی احترام کیا ہے، اوکاڑہ پی پی پی کا منی لاڑکانہ ہے اور انشاءاللہ آنے والا وقت بتائےگا اوکاڑہ، ساہیوال وغیرہ ایک بار پھر پی پی پی کا قلعہ ثابت ہو گا۔ تمام عہدیدار الیکشن کی بھرپور تیاری شروع کریں۔
زرداری

مزیدخبریں