مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں اٹھانے پر پاکستان اور بھارت کے مندوبین میں زبردست جھڑپ

نیویارک (کے پی آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانے پر پاکستان اور بھارت کے مندوبین کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی ہے ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا محکمہ پبلک انفارمیشن ایسے خطوں پر خاص طور پر توجہ دے جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ پاکستان کے مندوب مسعود انور نے اطلاعات سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کا ادارہ ڈی پی آئی دنیا کے مختلف خطوں میں پائی جا رہی کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کر سکتا ہے اور بھائی چارہ قائم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے ۔ اس ادارے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملات کو اجاگر کرنا چاہیے ۔ کشمیر،میانمار اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہیں۔ ڈی پی آئی ان خلاف ورزیوں کو اجاگر کرے تاکہ انسانی حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اقدامات ہوں ۔ اجلاس میں موجود بھارتی مندوب سرویناس پرساد نے پاکستان کی تجویز پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ بھارت اس تجویز کو مسترد کرتا ہے ۔ پاکستان کی تجویز غیر متعلقہ ہے ۔ اس ادارے سے اس تجویز کا کوئی تعلق نہیں ۔ اقوام متحدہ کی کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مندوبین کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی ۔
مندوبین/جھڑپ

ای پیپر دی نیشن