قرآن کریم کی طباعت میں استعمال ہونیوالے کاغذ پر سیلز اور کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان

مولانا راغب نعیمی ،ڈاکٹر محمد حسین اکبر ،ڈاکٹر طاہر بخاری مولانا سرور عاصم کااظہار خیال
خالد یزدانی
قرآن پاک کی طباعت میں استعمال ہونے والے کاغذ پر سیلز اور کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی یہ اعلان 2 اپریل 2018ء کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے وفاقی بجٹ 2018-19 ء تقریر میں کیا۔ مسلمان ہر صبح کا آغاز اس کی تلاوت سے کرتے ہیں ، اسی طرح ملک کی مساجد اور دینی مدرسوں میں دین کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم بھی قرآن پاک کا سبق ’’امام‘‘ سے لیتے ہیں ،یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے تا قیامت جاری رہے گا ۔جبکہ قرآن کریم کی طباعت کے لئے استعمال ہونے والے کاغذ پر مختلف آرا رہی ہیں اور ضرورت اس امر کی شدت سے محسوس کی جاتی رہی ہے کہ قرآن کریم جیسی مقدس کتاب کی طباعت عمدہ اور معیاری کاغذ پر ہو اور جو قرآن کریم کی پرنٹنگ اور پبلشنگ کے اچھے ادارے ہیں وہ بیرون ملک سے عمدہ کاغذ درآمد کرتے ہیں ، پاکستان میں اس کاغذ پر سیلز اور کسٹم ڈیوٹی بھی دینی پڑتی ہے ،جس سے ’’قرآن کریم‘‘ کو فروخت کرنے والوں کو اس کا ہدیہ مجبوراً زیادہ رکھنا پڑتا اس حوالے سے علماء کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے اکابرین گاہے بگاہے حکومت سے مطالبہ کرتے چلے آئے کہ قرآن کریم کی طباعت کیلئے بیرون ملک سے آنے والے کاغذ پر کسٹم اور ایکسائز ڈیوٹی ختم کی جائے۔ اب موجودہ حکومت نے بجٹ میں قرآن کریم کی طباعت کے لئے بیرونی ممالک سے آنے والے کاغذ پر ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا ، اس اقدام کے حوالے علمی، دینی اور قرآن کریم کی طباعت کرنے والوں سے تاثرات لئے گئے۔
معروف عالم دین مولانا راغب نعیمی نے اس حوالے سے کہا قومی اسمبلی میں حالیہ بجٹ 2018-19ء پیش کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے قرآن مجید کی طباعت کے لئے غیر ممالک سے عمدہ کاغذ منگوانے پر جب رعایت کا اعلان کیا اسے سب نے سراہا۔ ہم تو حکومت سے عرصہ سے مطالبہ کر رہے تھے اس سلسلے میں مولانا غلام محمد سیالوی کے ہمراہ ایف بی آر کے چیئرمین طارق محمود پاشا سے بھی ملے اور ان سے اسی حوالے سے درخواست کی تھی۔ کیونکہ قرآن مجید کی پرنٹنگ کے لئے خاص پیپر ہوتا ہے اوروہ دیگر پیپرز کی طرح جلد بوسیدہ نہیں ہوتا۔ اللہ کا شکر ہے کہ ڈیڑھ سال قبل ہم نے جس نیک کام کی ابتدا کی تھی اسے اب بجٹ میں پیش کر دیا گیا ہے، اس سے رجسٹرڈ ناشران قرآن کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بھی قرآن مجید کی طباعت کے لئے اب ارزاں کاغذ منگوا سکیں گی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس سے قرآن کریم کی اشاعت کو عام کرنے سہولت ہو گی۔ اس موقع پر یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ قرآن مجید کی طباعت کرنے والے ناشران اس سہولت سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور جس کاغذ کو قرآن کریم کی پرنٹنگ کے نام پر منگوایا جائے اسی کے لئے استعمال کریں دیگر استعمال قانوناً اور شرعاً ناجائز ہو گا۔
مذہبی سکالرڈاکٹرطاہر رضا بخاری نے کہا قرآن پاک کی طباعت و اشاعت میں استعمال ہونے والے کاغذ پر سے سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کا خاتمہ حالیہ بجٹ میں حکومت کا ایک مستحسن فیصلہ ہے۔ اس سے قرآن کی معیاری اشاعت ممکن ہو گی اور دوسری طرف اچھے کاغذ کے استعمال سے مقدس اوراق کی بوسیدگی کی شرح بھی کم ہو گی۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب و پنجاب قرآن بورڈ گزشتہ طویل عرصہ سے امر کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں تھے۔ موجودہ حکومتی فیصلہ کے ثمرات پوری قوم کو نصیب ہوں گے، اور اس میں بالخصوص قرآن پاک کے بوسیدہ مقدس اوراق کی بوسیدگی کم ہو گی اور معیاری قرآن پاک کی طباعت زیادہ بہتر انداز سے ممکن ہو سکے گی۔ عامتہ المسلمین کو اس فیصلہ کے ذریعہ مناسب ہدیہ پر بہترین طبع شدہ قرآن پاک میسر آئے گا۔ اس حوالے سے ناشران قرآن کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس رعایت کا صحیح استعمال کریں، اور قرآن پاک کی طباعت و اشاعت کو ایک دینی فریضہ سمجھتے ہوئے سرانجام دیں۔ آئندہ چند یوم میں ماہِ رمضان کی برکات ہم پر سایۂ فگن ہونے والی ہیں، ماہِ رمضان ماہِ قرآن بھی ہے، اللہ کرے کہ ہم ماہِ رمضان میں قرآن پاک کے فیوض و برکات سے صحیح معنوں میں استفادہ کر سکیں۔
ادارہ منہاج الحسین کے چیئرمین، ممبر قرآن بورڈ، ممبر مذہبی امورکمیٹی ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے حالیہ بجٹ میں وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر میں قرآن مجید کی طباعت کے لئے غیر ملکی کاغذ پر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا انتہائی اچھا اقدام ہے ، خدا کرے کہ اس کاغذ کو صرف قرآن کریم کے لئے ہی استعمال کیا جائے اس حوالے سے سخت نگرانی کی ضرورت ہو گی اس احسن کام کے لئے میں چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا کو سلام پیش کرتا ہوں۔
قرآن مجید اور اسلامی و دینی کتب کے ناژر ،صدر ہادیہ حلیمہ سنٹر اردو بازار مولانا محمد سرورعاصم نے اس حوالے سے کہا حکومت نے حالیہ بجٹ میں قرآن کی طباعت کے کاغذ منگوانے پر سیلز و کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کا جو اعلان کیا وہ قابل تحسین اقدام ہے جبکہ امپورٹڈ کاغذ کے ساتھ ملک میں تیار ہونے والے اچھے اور معیاری کاغذ کو استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہئے کیونکہ چھوٹی سطح پر کام کرنے والے بیرونی کاغذ کی سکت نہ رکھتے ہوں وہ اس کوغذ سے استفادہ کرسکیں ۔
کوالٹی قرآن پبلشرزایسوسی ایشن کے صدرعکاشہ مجاہداور جنرل سیکرٹری قدرت اللہ چوہدری کاکہناہے کہ وفاقی حکومت کاقرآن مجیدکے طباعت کے لئے درآمدی پیپرکومکمل ڈیوٹی فری کرنانہایت ہی مستحسن اورتاریخ سازفیصلہ ہے۔اس لئے کہ قرآن مجیداللہ کی کتاب ہے جواس نے انسانوں کی ہدایت ورہنمائی کے لئے نازل کی ہے۔قرآن مجیداورسیپارے جتنی بڑی تعدادمیں شائع کئے جاتے ہیں ان کی شہادت کاگراف بھی اتناہی زیادہ ہے وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی حدتک کچھ ناشران قرآن مجیدکی طباعت کے لئے غیرمعیاری کاغذاستعمال کرتے ہیں جس سے ایک طرف یہ ناشران گناہ کے مرتکب ہوتے ہیں تودوسری طرف قرآن مجیداورسیپاروں کی شہادت کاگراف بھی ہولناک حدتک بڑھتاجارہاہے ۔شہیدشدہ قرآن مجیداورمقدس اوراق کوسنبھالنابذات خودایک سنگین مسئلہ بن چکاہے۔ان حالات یہ بہت ضروری تھاکہ قرآن مجیدکی طباعت کے لئے استعمال ہونے والاکاغذنہایت ہی اعلی اورمعیاری ہو۔ وفاقی حکومت نے حالیہ بجٹ میںقرآن مجیدکی طباعت کے لئے درآمدی کاغذکومکمل ڈیوٹی فری قراردے کرایک ایسا مبارک قدم اٹھایاہے کہ پاکستان کی ستر سال کی تاریخ میں خدمت قرآن مجیدکی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔


مولانا راغب نعیمی ۔۔ڈاکٹر طاہر بخاری ۔۔ڈاکٹر محمد
حسین اکبر ۔۔مولانا محمد سرور عاصم

ای پیپر دی نیشن