لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف کو اڈیالہ سے فاصلہ کم ہوتے ہی ایلینز بھی نظر آنے لگے ہیں، آخر وہ عوام کو نامعلوم افراد اور خلائی مخلوق کا نا م کیوں نہیں بتا دیتے؟ نواز شریف قصہ کہانیوں سے نکلیں اور بتائیں پیسہ آیا کہاں سے؟ اللہ سے توبہ کرنے اور عوام سے معافی مانگنے کے بجائے بھڑ کیں سمجھ سے بالاتر ہیں، تحریک انصاف کا مقابلہ کسی اور سے نہیں کرپشن اور انکے آلہ کاروں سے ہے۔ احاطہ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف کا بیا نیہ کوئی بیرونی ایجنڈا لگتا ہے، کیونکہ ایک محب وطن اور قومی لیڈر ریاستی اداروں کیخلاف گھنائونا کھیل نہیں کھیل سکتا اور اگر نواز شریف کا موجودہ بیا نیہ اس وقت کہاں تھا جب یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کے فیصلے نے ہٹایا، ایک تو اربوں ڈالر قوم کا چرایا، دوسرا ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی شروع کردی۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ کسی اور سے نہیں کرپشن اور انکے آلہ کاروں سے ہے۔ پیپلز پارٹی سے اتحاد کیا نہ ہو سکتا ہے، الیکشن شیڈول آنے کے بعد کسی پارٹی سے جزوی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے تاہم ابھی اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اڈیالہ جیل قریب آتے ہی نوازشریف کو ’’ایلینز‘‘ نظر آنے لگے: محمود الرشید
May 04, 2018