نارو وال سپورٹس سٹی منصوبہ میں مبینہ بے ضابطگیاں: نیب کا احسن اقبال کیخلاف شکایات کی تصدیق کرانے کا فیصلہ

May 04, 2018

اسلام آباد( آن لائن) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے نارووال میں اربوں روپے لاگت سے تعمیر ہونے والے سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں پر وزیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف شکایات کی تصدیق کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیابیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہدایات دی ہیں کہ حکومتی فنڈز میں مبینہ طور پر ہونے والی خورد برد کے خلاف شکایات کی تحقیقات کی جائیں۔واضح رہے کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے ( این ایس سی پی ) کی تعمیر پر حیرت انگیز طور پر 6 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔چیئرمین نیب کی جانب سے اس منصوبے کی تعمیر میں قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا، اس کے علاوہ اس منصوبے میں سکیورٹی معاملات بھی ایک مسئلہ ہے اور سپورٹس سٹی کی 44 ایکڑ زمین کو بھارتی سرحد سے صرف 800 میٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا جارہاہے۔پی ایس ڈی پی کی 19-2018 کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کی لاگت 2.9 ارب روپے رکھی گئی تھی، جس میں سے 2.5 ارب روپے سے زائد پہلے ہی خرچ ہوچکے جبکہ بقیہ 46 کروڑ 70 لاکھ روپے آئندہ مالی سال میں جاری کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں