ملتان (اے این این، آئی این پی) گیارہ مئی کو ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ گرائونڈ میں جلسے کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور سربراہ عوامی راج پارٹی جمشید دستی میں تنازع کھڑا ہوگیا۔جمشید دستی نے کہا ہے کہ 11 مئی کو قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں جلسہ کروں گا اگر ہمیں جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو خون خرابہ ہوگا۔ مسلم لیگ اور عوامی راج پارٹی کے ملتان میں 11مئی کو ایک ہی روز جلسوں کے اعلان سے تنازعہ پیدا ہو گیا ہے۔ ملتان سٹیڈیم کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ ہم نے پہلے 4مئی کو جلسے کی درخواست دی انتظامیہ نے 11مئی کو کرنے کا کہا اب ن لیگ بھی 11مئی کو جلسہ کرنے کا اعلان کر چکی ہے ا نتظامیہ کی زیادتی پر ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے انتظامیہ حکمران جماعت کا ساتھ دے رہی ہے حالات خراب ہونے کی ذمہ دار ی انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ11مئی کو عوامی راج پارٹی ہی قاسم باغ سٹیڈیم میں جلسہ کرے گی جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کرینگے۔ نوازشریف نے مجھے بیگناہ جیل بھجوایا انہیںکسی صورت جلسہ نہیں کرنے دیں گے۔ نواز شریف عدالت سے نااہل اورقومی مجرم انکے جلسوں میں قومی اداروں پر تنقیدہوتی ہے قومی اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہونی چاہیے انکا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے مجھے بے گناہ جیل بھیجا اب انکی باری ہے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں سب مفاد پرست شامل ہیں نواب آف بہاولپور کو بھی الیکشن سے قبل صوبہ یاد آگیا۔