بارسلونا(آئی این پی)بارسلونا اور اسپین کی قومی ٹیم کے لیے بہترین مڈفیلڈنگ کرنے والے کھلاڑی ژاوی ہرنانڈس نے رواں سیزن ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق 39سالہ ژاوی نے عالمی فٹبال کو 2014 میں خیر باد کہہ دیا تھا اور ایک سال بعد انہوں نے بارسلونا سے بھی علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد وہ قطری کلب السعد کے لیے کھیل رہے تھے اور مستقبل میں کوچ بننے کی تیاری کر رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ 2018-19کا سیزن میرا کھلاڑی کے طور پر آخری سیزن ہوگا، میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں مجھے کوچ بننے کا موقع ملے۔انہوں نے کہا کہ میں مزید 4 ہفتوں تک اپنے 21سالہ کیریئر، جس کی وجہ سے میں نے پوری دنیا گھومی ہے، کے آخری میچز کھیلوں گا۔اپنی تیز نظروں، پاسنگ اور حریف کھلاڑیوں سے بال کو محفوظ رکھنے کی حیرت انگیز صلاحیت سے ژاوی نے اسپین کو 2010 کا ورلڈ کپ اور 2008 اور 2012میں یورپیئن چیمپیئن شپ جیتنے میں مدد کیا تھا۔ان کے پاس بارسلونا کی جانب سے 767میچز کھیلنے اور 25ٹائٹل جیتنے میں مدد کرنے کا ریکارڈ موجود ہے جس میں 4چیمپیئنز لیگ اور 8اسپینش لیگ بھی شامل ہیں۔وہ 2009، 2010اور 2011میں بیلن ڈی اور کی ووٹنگ میں تیسرے نمبر پر آئے تھے۔
اسپین، بارسلونا کے عظیم کھلاڑی ژاوی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
May 04, 2019