لاہور (نیوزرپورٹر)لائبریری کا بنیادی مقصد علم کی حفاظت اور اس کی ترسیل ہے۔ اہل علم ودانش اور طلبا وطالبات کی علمی و تحقیقی پیاس بجھانے کیلئے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان قائداعظمؒ میں مادرملتؒ لائبریری کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان قائداعظمؒ ، جوہر ٹائون لاہور میں مادر ملتؒ لائبریری کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا۔صدارت وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی۔اس موقع پر معروف ماہر قانون جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر ضا بخاری، بیگم مہناز رفیع، بیگم بشریٰ رحمن، ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی، صدر نظریۂ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر عابد شیروانی، کالم نگار قیوم نظامی،روٹری انٹرنیشنل کے گورنر مبارک علی شاہد، ممتاز سکالر پروفیسر احمد سعید، بیگم خالدہ جمیل، اساتذۂ کرام، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہاکہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ تحریک پاکستان کے دوران قائداعظمؒ کے شانہ بشانہ رہیں اور انہوں نے برصغیر کی مسلم خواتین کو متحرک اور بیدار کیا ۔ جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان نے کہاکہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پوری قوم بالخصوص نئی نسلوں کو تحریک پاکستان اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکارونظریات سے آگاہ کر رہا ہے۔میاں فاروق الطاف نے کہا ہر انسان کی اپنی اپنی پسند اور اپنا اپنا ذوق ہوتا ہے۔ کچھ لوگ تاریخی کتابیں پسند کرتے ہیں۔بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ کتب خانے ذہنی تفریح کا ایک تعمیری ذریعہ ہوتے ہیں۔ کتب خانوں میں انسان آسانی کے ساتھ جدید تصانیف سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور پھر ایک انسان نہیں بلکہ سینکڑوں انسان، سالہا سال ان علمی سر چشموں سے اپنی فکری پیاس بجھا سکتے ہیں۔
مادرملت لائبریری کا بنیادی مقصد علم کی حفا ظت اور ترسیل ہے:مقررین
May 04, 2019