تحریک انصاف کی مرکزی قیادت   رابطے کررہی ہے:جاوید ہاشمی کادعویٰ

سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے دعویٰ  کیا ہے کہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت   رابطے کررہی ہے،عمران خان سے کہا تھا آپ جیسے اقتدار میں آرہے ہیں عوام آپکو کٹھ پتلی کہے گی، عمران خان حکومت کو کرکٹ سمجھ کر کھیل رہے ہیں ۔مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ہاشمی  نے میڈیا سے گفتگو میں کہا  کہ انہیں  کہاجارہاہے تحریک انصاف کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں۔آج بھی تحریک انصاف کے رہنما واپس پارٹی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ چاہتاہوں تحریک انصاف کی حکومت مدت پوری کرے۔ انہوں  نے کہا وہ اقتدار میں بیٹھے ہوئے بھی اپوزیشن میں ہوتے ہیں کیونکہ اقتدار میں رہ کر خدمت نہیں کی جاسکتی کیونکہ اصل اقتدار کسی اور کے پاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بدقسمتی سے پاکستان میں میڈیا پر بھی پابندیاں ہیں، موجودہ میڈیا کو سب سے زیادہ سنسر شپ کا سامنا ہے پہلے بانی ایم کیو ایم  کے ذریعے لوگوں کو براہ راست  گالیاں دلوائیں جاتی تھیں۔  اب ان  کا نام و نشان بھی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لیڈروں کو جیل جانا پڑتا ہے۔ عدالت نے نواز شریف سے ڈیل کی نہ ہی  ڈھیل دی ہے ،جیلیں تمام سیاستدانوں کے مقدر میں نہیں ہوتیں۔عمران خان ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں  رہ سکے۔ نواز شریف نے پرویز مشرف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بنایا تو ان سے کہا مشرف کے خلاف کچھ کیا تو آپکی حکومت نہیں رہے گی۔ایک سوال کے جواب میں  انہوں  نے کہا کہ وہ  مسلم لیگ( ن) کے صدر رہ چکے  ہیں اب عہدے کی خواہش نہیں۔ انہوں  نے کہا کہ  جب بھی نواز شریف پر مشکل وقت آیا وہ ساتھ کھڑے رہے ۔ ووٹ کو عزت دو ایک فلاسفی ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ  انہوں نے عمران خان سے کہا تھا آپ جیسے اقتدار میں آرہے ہیں عوام آپکو کٹھ پتلی کہے گی۔ عمران خان حکومت کو کرکٹ سمجھ کر کھیل رہے ہیں، 70سال تک وزیر اعظم سلیکٹ کئے گئے، بعد میں سیلیکٹر خود ہی کہ دیتا ہے میری چوائس ٹھیک نہیں تھی۔  انہوں نے مقتدر قوتوں کا نام لیے بغیر کہا  کہ خدا کے لئے اب  وزیر اعظم بنانے والی فیکٹری بند کردو۔ انہوں  نے کہا کہ  عمران خان کے پاس کوئی پلان نہیں  ، افسران کو اپنی نوکری کا معلوم نہیں تو معاشی پالیسی کیا بنائیں گے،دوسری جماعتوں کے لوگ شامل کراکے حکومت چلائی جارہی ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت سے سوال کیا کہ الیکشن سے قبل کہتے تھے ہمارے تھنک  ٹینک حکمت عملی بنارہے ہیں ، بتائیںاب وہ تھنک ٹینک کہاں گئے؟

ای پیپر دی نیشن