لاہور (نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکومت نے مساجد اور مدارس کیلئے ریلیف پیکج نہ دیا تو ہم ملک گیر احتجاجی تحر یک چلانے پر مجبور ہوں گے، بچے تعلیم سے محروم ہیں ،نوجوان بے روزگار ہیں،عوام مہنگائی سے بدحال ہے مگر حکومت انتقامی سیاست چھوڑنے کو ہی تیارنہیں حکمران سمجھ لیں یہ وقت سیاسی جنگ لڑ نے کا نہیں کرونا سے بچائو اور کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کر نے کا ہے۔ وہ اتوار کے روز اپنے دفتر میں پارٹی اراکین رانا محمد آصف 'میاں محمد اصغر 'کر نل (ر) محمد زاہد 'مولانا محمد دائو لکھوی 'پروفیسر فیاض احمد سلفی 'مولانا عبد الستار نیازی اور مولانا عبد الحفیظ اوکاڑوی سمیت دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکومت نے بہت سے دعوے کیے مگر آج تک پنجاب سمیت ملک کے کسی صوبے میں علماء مساجد اور مدارس انتظامیہ کیلئے کسی قسم کا ریلیف پیکج نہیں دیا۔ پاکستان کو ریاست مدنیہ بنانے کے دعویدار عمران خان نے مساجد اور مدارس سے وابستہ لوگوں کو اپنے ایجنڈے سے ہی نکال دیا ہے ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں اگر حکومت نے مساجد اور مدارس کی انتظامیہ اور ان سے وابستہ علماء کیلئے ریلیف پیکج کیساتھ ساتھ مساجد اور مدارس کے بجلی اور گیس کے3/3ماہ کے بل معاف نہ کیے تو ہم اس پر کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے بلکہ سب مدار س اور علماء کو متحد کرکے حکومت کے خلاف بھر پور احتجاجی تحر یک بھی چلائیں گے اور اپنا حق لیکر رہیں گے۔