کام روکنے سے نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ سفید ہاتھی بن گیا:احسن اقبال

نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال چوہدری نے نارووال سپورٹس سٹی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے انتقامی ایجنڈے نے پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کو تباہ کر دیا۔ نارووال سپورٹس سٹی پاکستان کا واحد منصوبہ تھا جہاں پر رہائش، سپورٹس، ٹریننگ منصوبہ تھا، جہاں گلگت سے لیکر گوادر تک ملک بھر کے نوجوانوں نے سپورٹنگ ٹیلنٹ میں دنیا کے بہترین کوچز کی نگرانی میں ٹریننگ لینا تھی۔ منصوبہ دو اعشاریہ پانچ ارب خرچ ہوچکے ہیں اور فقط مزید چالیس کروڑ سے اس نے مکمل ہونا تھا۔ دوسال سے اس پر کام روکے جانے کی وجہ سے اب یہ ایک سفید ہاتھی بن چکا ہے۔ سپورٹس سٹی کیلئے کروڑوں روپوں کا لایا گیا سامان صرف حکومت کی طرف سے کام روکے جانے کی وجہ سے اب بیکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میری منسٹری میں تین ہزار دو سو ارب روپوں کے منصوبوں میں اگر میں نے ایک روپے کا بھی مالی فائدہ اٹھایا ہے تو ثابت کریں اس حکومت نے صرف کردار کشی کی ہے اور جھوٹ بولا ہے اگلے الیکشنوں میں ان کی ضمانتیں ضبط ہو نگی۔ وقت آئے گا تو سپورٹس سٹی پر اضافی لاگت کے پیسے عمران خان اور نیب سے وصول کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت کی نااہلی سے کرونا میں اضافہ ہوا۔ پنجاب پر نااہل نالائق حکومت مسلط کی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس فوری بلایا جائے‘ آٹا‘ چینی‘ چوری سے توجہ ہٹانے کے لئے اٹھارویں ترمیم کا شوشہ چھوڑا گیا۔ مسلم لیگ ن نے 5 سال اٹھارہویں ترمیم کے تحت کام کیا۔ اصل مسئلہ اٹھارویں ترمیم نہیں نااہلی اور نالائقی ہے۔ پریس کے عالمی دن پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی نفرت اور انتقام کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز اور میڈیا ورکرز بدحالی کا شکار ہیں۔ ہمیں یہ کہتے تھے کرپٹ حکومت ہے آج دو سال بعد بھی یہ کسی منصوبے پر کرپشن کا کیس نہیں بنا سکے نیب اور حکومتی ایجنسیوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ میرے خلاف ایک روپے کی بھی بدعنوانی ثابت کریں۔ عمران خان نفرت اور تکبر کے ساتھ حکومت کرتا ہے جو بہتان تکبر اور نفرت کی سیاست کرے کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ چاہے جتنی مرضی دعاؤں کے شو کروا لے۔ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کوٹکٹ دینے کے لیے کوئی امیدوار بھی نہیں ملے گا۔ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں سپورٹس سٹی منصوبے کی تباہی کا نوٹس لیں۔

ای پیپر دی نیشن