سری نگر(آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جہاں ایک طرف کرونا وائرس تباہی پھیلا رہا ہے تو دوسری طرف وہاں پہلے سے موجود بھارتی فوج نے اپنے مظالم میں شدت پیدا کردی ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع ہندواڑہ کے علاقہ میں جھڑپ کے دوران پانچ بھارتی فوجی واصل جہنم ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران 2کشمیری نوجوان مجاہدین شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کے شمالی قصبہ ہندواڑہ کے چھنجی مولہ علاقہ میں فوج اور مسلح افراد کے درمیان 16گھنٹے جاری رہنے والے خونیں معرکے میں آرمی میجر سمیت پانچ ہلاک ہو گئے۔ کارروائی میں دو مجاہدین بھی شہید ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونیوالوں میں کرنل آشوتوش شرما21 آر آر، میجر انوج سود19 گارڈز، این کے راجیش3 گارڈز، ایل این کے دنیش 17 گارڈز ایس آئی شکیل قاضی شامل ہیں۔ قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ چھنجی مولہ علاقہ میں تین عسکریت پسند موجود۔ سکیورٹی اہلکاروں نے پورے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا تھا اور تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کیا گیا۔ ہندواڑہ علاقہ میں موبائل انٹرنیٹ سروسز بند کر دی گئیں۔ علاقہ میں گزشتہ دو روز سے ہی تلاشی مہم جاری تھی۔ بھارتی فوج کے حکام نے کہا کہ آپریشن کے دوران 21راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ افسر دیگر 4اہلکاروں کے ہمراہ ایک گھر میں داخل ہوئے تھے جہاں فائرنگ کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی نعشوں کو بازیاب کر لیا گیا۔ دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں سے جھڑپ میں 2کشمیری نوجوان بھی جاں بحق ہو گئے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے دو واقعات میں جھڑپوں کے نتیجے میں 9کشمیری شہید اور تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں بھارتی فورسز کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے اور علاقے کا محاصہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔