اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں چینی سفیر یائوجنگ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان جلد کرونا وائرس کی وبا پر قابو پالے گا۔چین کے سرکاری ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا عارضی چیلنج ہے جس پر پاکستان جلد قابو پا لے گا، پاکستان میں کرونا وائرس سے شرح اموات کم ہے، پاکستان کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر زیادہ تر مریض جوان ہیں اور ان میں بھی وائرس کی علامات ہلکی ہیں، اس لیے ان کا علاج آسان ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ روایتی چینی طب کی طرح پاکستان میں بھی جڑی بوٹیوں سے کرونا وائرس کی روک تھام میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب چین کو کرونا وائرس کے سخت چیلنج کا سامنا تھا تو پاکستان نے چین کی مدد کے لیے سب سے بہتر کام کیا۔ چین کے سفیر نے یہ بھی کہا کہ فروری میں پاکستان میں پہلی مرتبہ کرونا کے تصدیق شدہ کیس کی اطلاع ملی تو چینی حکومت، مقامی حکومتوں اور کاروباری اداروں اور سول سوسائٹیوں نے بھی پاکستان کو مدد فراہم کرنا شروع کر دی، چین پاکستان کی مدد کے لیے طبی سامان اور کئی طبی ٹیمیں پاکستان بھیج چکا ہے۔