اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ کمیٹی برائے داخلہ رحمان ملک نے عالمی یوم صحافت پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے مظاہرے سے خطاب میں کہا ہے کہ آزادی صحافت صرف پاکستان نہیں پوری دنیا کیلئے ضروری ہے۔ یہ وہ طبقہ ہے جو فرنٹ لائن پر لڑتا بھی ہے اور اس سے زیادتی بھی ہوئی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ صحافیوں نے بھی لڑی‘ سینٹ کمیٹی اطلاعات میں صحافیوں کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔ صحافیوں سے درخواست ہے کہ اپنے مطالبات کے ایجنڈے کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔ صحافیوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر لڑوں گا۔ پی پی ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ حکومت سے اپیل ہے کہ صحافیوں کیلئے بھی پکیج کا اعلان کرے۔ آج صحافی تنظیمیں اسلام آباد میں اپنے جائز مطالبات کیلئے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ صحافی برادری کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔ حکومت اخبارات کے واجبات صحافتی برادری کی تنخواہوں سے مشروط کرے۔ حکومت صحافیوں کی ملازمتوں سے بیدخلی کو فوری روکے اور صحافیوں کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کرے۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز سے اپیل ہے کہ وہ صحافیوں کیلئے پیکج کا اعلان کریں۔ مجھے شبلی فراز صاحب نے کبھی مایوس نہیں کیا جو زیادتی صحافیوں کے ساتھ ہو رہی ہے۔ وہ آج تک کسی طبقے کے ساتھ نہیں ہوئی۔