اسلام آباد +لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری سے وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو، ڈاکٹر عبدالباری اور ڈاکٹر فیصل نے بھی ملاقات کی۔ مراد علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو کرونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا اور عذرا پیچوہو، ڈاکٹر عبدالباری اور ڈاکٹر فیصل نے محکمہ صحت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرونا وبا ملک میں تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے۔ کرونا سے بڑھتی اموات کی تعداد تشویشناک ہے۔ سندھ حکومت کی وجہ سے ملک بھر میں بروقت اقدامات ہوئے۔ سندھ حکومت فوری اقدامات نہ کرتی تو صورتحال بگڑ سکتی تھی۔ آج دنیا سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے رویے پر افسوس ہے۔ وفاقی حکومت کرونا کی بجائے سندھ حکومت سے لڑ رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے اور اسے پروپیگنڈا کی ذاتی مشین بنانے والی کوششوں سے باز آ جائے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مذکورہ کوششوں کا مقصد میڈیا کو اپنے مخالفین پر جبر کیلئے ایک آلے کے طور استعمال کرنا ہے۔ تحریک انصاف کی فسطائیانہ حکومت کے دوران پریس کی آزادی کی سالانہ درجہ بندی میں پاکستان کی تنزلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی ہر جدوجہد میں پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آئندہ بھی رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے ہی دن سے میڈیا کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ موجودہ حکومت کے ناقدین کے ٹی وی شوز زبردستی بند کردیئے گئے اور متعدد کو نکال دیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ مل کر صحافت کی آزادی، صحافی برادری کے تحفظ اور ان کے تقدس کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے حملے کے وقت ایک بار پھر وفاقی وزیر غذائی تحفظ لاپتہ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ٹڈی دل کے حملے کے وقت ایک بار پھر وفاقی وزیر خذائی تحفظ لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس درخواستوں کے باوجود صوبوں کو ٹڈی دل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت پھر ناکام ہوئی تو ٹڈی دل حملے کی صورت میں ایک اور سانحہ جنم لے رہا ہے۔