پٹرول قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچایا جائے: عثمان بزدار

May 04, 2020

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار چھٹی کے روز پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس پہنچ گئے اور پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم کے مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا اور ڈیش بورڈ پر مختلف شہروں میں صورتحال کا لائیو مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو پی ڈی ایم اے سینٹرل کنٹرول روم میں ٹڈی دل، کرونا صورتحال، انصاف ا مداد پروگرام اور فلڈ پر بریفنگ دی گئی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان اور دیگر صوبوں سے ممکنہ طور پر آنے والے ٹڈی دل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ بارکھان، ڈیرہ بگتی، ڈیرہ مراد جمالی اور کشمور میں ٹڈی دل کے جھنڈ دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صوبہ کے ہر شہر میں کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اضلاع اور تمام محکموں کو سوا آٹھ لاکھ حفاظتی گائون، سوا سات لاکھ این 95 ماسک اور دیگر طبی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ سپرے مشینیں، تھرمل گنز، فیس شیلڈ، گاگل اور دیگر حفاظتی سامان بھی فراہم کیا جاچکا ہے۔ اضلاع میں ریونیو فیلڈ سٹاف کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے شہریوں اور ان کے اہل خانہ کے ٹیسٹ وغیرہ بھی کئے جاتے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیلاب کی آمد سے پہلے تمام تر تیاریاں اور فلڈ پلان مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انصاف امداد پروگرام کے بعد رمضان پیکج بھی شروع کیا جائے گا۔ہوم قرنطینہ کے ذریعے وفاقی حکومت کے اشتراک سے ایس او پیز مرتب کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر میاں خالد کی سفارش پر پی ڈی ایم اے ملازمین کیلئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کی منظوری بھی دے دی۔ قبل ازیں پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر نیسلے کے ہیڈ آف کارپوریٹ وقار احمد نے ایک کروڑ روپے امدادی چیک کا فنڈ پیش کیا۔ عثمان بزدار سے اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجربرادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صنعتکاروںاور تاجر برادری کے لئے مزیدآسانیاں پیدا کرے گی۔ کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روزگار ملے گا۔ کورونا وباء کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے اور ہمارا مقصد عام آدمی کی مشکلات کاازالہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کا روبارکی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں۔ صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صنعتکاروں او رتاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ،عدیل بشیر، احمد ظفر،پرویز لالہ،اکبر شیخ ،ایس ایم نبیل اور دیگر شامل تھے۔پنجاب میں 2 فیصد ہائیر ایجوکیشن کوٹہ مختص کرکے اقلیتوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے پر برطانوی دارالامراکے ارکان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو ہائوس آف لارڈ کے ممبر لارڈ ایلٹن آف لیور پول کی طرف سے خط لکھ کر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام تک پہنچانے کے لئے متحرک انداز میں منصوبہ بندی کرکے عملدرآمد کیاجائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے تناسب سے دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوںمیں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔ عثمان بزدار نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر میڈیا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آزادی صحافت کیلئے قربانیاں دینے والے صحافیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صادق آباد کے علاقے میں بچے سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہالپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے بچے سے زیادتی کے مرتکب ملزم اسد اﷲ عرف بابو کو گرفتار کر لیا ہے۔

مزیدخبریں