ایران کے سرکاری روزنامہ نے جرمن چانسلرانجیلا مرکل کوہٹلر قرار دے دیا

May 04, 2020

تہران (این این آئی)ایران کے ایک سرکاری روزنامہ نے جرمنی کو لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس کے ردعمل میں جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو نازی لیڈر ایڈولف ہٹلر کے مشابہ قرار دے دیا ہے۔ایران کے سرکاری روزنامہ وطنِ امروز میں ’’ صہیونیت کے ملازم‘‘ کے عنوان سے ایک مضمون شائع ہوا ،اس میں میرکل کو ہٹلر قرار دیا گیا ہے۔یہ روزنامہ ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب سے وابستہ ہے۔اس مضمون میں حزب اللہ کو خطے میں ایران کا سکیورٹی بازو قرار دیا گیا ہے اور یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جرمنی کے فیصلے کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ کارفرما ہے اور اسی کے ایما پر جرمنی نے لبنانی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔مضمون نگار نے لکھا کہ حزب اللہ کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے دوسرے ممالک پر دباؤ ڈالنے اور اس کی سرگرمیوں پر قدغنوں کے ذریعے (امریکی صدر ڈونلڈ) ٹرمپ خطے میں ایران کے ایک سکیورٹی بازو کو کم زور کرنا چاہتے ہیں تاکہ آخرکار خود ایران کی قومی سلامتی کو کمزور کیا جاسکے۔

مزیدخبریں