لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے لیجنڈری فاسٹ بائولر وسیم اکرم اور کپتان قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم بابراعظم کے آن لائن سیشنز کا اہتمام کیا ہے، ان سیشنز کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کواعلیٰ پائے کے کرکٹرز سے کھیل کے گْر سیکھانا اور کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاون کے دوران ان کی توجہ کھیل پر برقرار رکھنے میں مدد دینا ہے۔35 خواتین کرکٹرز پر مشتمل ان سیشنز کا انعقاد ویڈیو کانفرنس کال کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں قومی خواتین کرکٹرز کو مختلف حالات میں جامع حکمت عملی اپنانے سے متعلق ٹپس فراہم کی جائیں گی۔آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے فاسٹ باولر وسیم اکرم، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو اپنے 18 سالہ طویل بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر سے حاصل ہونے والے تجربات سے آگاہ کریں گے، یہ سیشن آج منعقد کیا جائے گا، وسیم اکرم گزشتہ ہفتے مینز کرکٹرز کے ساتھ بھی ایسے ہی ایک سیشن میں شرکت کرچکے ہیں۔اس دوران ٹی ٹونٹی عالمی رینکنگ میں پہلے، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور طویل طرز کی کرکٹ میں دنیا کے پانچویں بہترین بلے باز، بابراعظم بھی خواتین کرکٹرز کو مختلف کنڈیشنز اور حالات میں بلے بازی سے متعلق گْر سیکھائیں گے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راونڈر عالیہ ریاض نے کہا کہ وسیم اکرم کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بڑی ہوئی ہیں اور وہ بخوبی جانتی ہیں کہ وسیم اکرم نے اپنی عمدہ باولنگ اور بیٹنگ سے پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔ ماضی کے عظیم کرکٹر سے کھیل کے بارے میں جاننے کا یہ بہترین موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔آن لائن سیشن ان کیلئے یہ جاننے کا نادر موقع ہوگا کہ وسیم اکرم کیسے دوسروں سے منفرد کھلاڑی بنے۔قومی ٹیم کی بیٹر عمیمہ سہیل کا کہنا ہے کہ بابراعظم ایک اعلیٰ بلے باز ہیں جن کی آن لائن ٹپس سے بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کا موقع ملے گا۔ وہ بابر اعظم سے مشکل صورتحال میں اننگز کا پر اعتماد آغاز اور پھر اسے لمبی اننگز میں تبدیل کرنے کا فن سیکھنا چاہیں گی، یقین ہے کہ یہ سیشن اس حوالے سے موثر ثابت ہوگا۔چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ ٹیم عروج ممتاز نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کے تعطل کے دوران کرکٹرز کی توجہ کھیل پر مرکوز رہے۔ یہ سیشنز قومی خواتین کرکٹرز کیلئے کھیل میں نکھار لانے کا بہترین موقع ہے۔ کھلاڑیوں کو مصروف رکھنے کے لیے مختلف آئیڈیاز پر غور کر رہے ہیں۔ تمام خواتین کرکٹرز مینجمنٹ اور بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور وہ اس دوران اپنے آپ کو اس انداز میں تیار کر رہی ہیں کہ جیسے ہی لاک ڈاون ختم ہو تو وہ کھیل کے لیے تیار ہوں۔ قومی خواتین کرکٹرز فراہم کردہ پلانز کے مطابق اپنی فٹنس پر کام کر رہی ہیں جبکہ یہ آن لائن سیشنز انہیں سکلز میں نکھار کا موقع فراہم کریں گے۔ ہمارے ملک نے کئی عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں اور ہم کھلاڑیوں کے آن لائن لیکچرز کے لیے ان کی دستیابی کو پیش نظر رکھ کر انہیں دعوت دیتے رہیں گے۔