تینوں فارمیٹس میں جگہ بنانا ہدف، خامیوں پر جلد قابو پالوں گا: امام الحق

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ سے نظر انداز اوپنر امام الحق نے تینوں فارمیٹ میں کھیلنے کو اپنا ہدف بنالیا۔بائیں ہاتھ کے اوپنر ان دنوں پی ایس ایل اور دورہ انگلینڈ کے لیے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں، وہ مقامی جم میں ٹرینر کے ساتھ کام کرکے فٹنس اور اسٹیمنا کو بڑھانے کے لیے مختلف مشقیں کرنے میں مصروف ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف  ون ڈے سیریز کے بعد امام الحق وطن واپس لوٹ آئے تھے، زمبابوے کے خلاف ٹی 20 اور ٹیسٹ سکواڈ کا انہیں حصہ نہیں بنایاگیا۔امام الحق اب تک گیارہ ٹیسٹ، 43 ون ڈے اور دو ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ تاہم دسمبر دوہزار انیس کے بعد وہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں واپسی کے منتظر ہیں، وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ محمدیوسف کی رہنمائی میں خامیوں کو دور کررہے ہیں۔ امام الحق کا کہنا ہے کہ بطور کرکٹر تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی کامیابیوں میں کردار ادا کرنے کی خواہش ہے‘انہوں نے مزید کہا کہ میں بیٹنگ کو بہتر بنانے کیلئے بھرپورکوشش کررہا ہوں اور جلد اپنی خامیوںپر قابو پالوں گا۔

ای پیپر دی نیشن