کراچی (وقائع نگار ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) نے این سی او سی کے ذریعہ بزنس، صنعتی، اور تجارتی برادری سے مشورہ کیے بغیر عید الفطر کی تعطیلات کے اعلان اور ایس او پیز پر اپنی خفگی کا اظہار کیا ہے، صدر، ایف پی سی سی آئی میاں ناصر حیات مگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر صنعتوں اور بازاروں کو صرف 3 دن کے لئے بند کیا جائے۔ بصورت دیگر، پہلے سے ہی شدید مشکلات کا شکار کاروباروں کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا اور ٹیکس وصولی میں زبردست کمی معاشی سرگرمی کو مزید سست کردے گی۔ میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ عیدالفطر کے دوران بندرگاہیں، کسٹم، اور ضروری بینکنگ خدمات 3 دن کے لئے بھی بند نہیں ہونی چاہئیں؛ کیونکہ برآمدات پاکستان کی بقا کے لئے اتنی ہی ضروری ہیں جتنا کہ ہوائی اڈے اور اسپتال۔ عید کے دوران بندرگاہوں کی ایک دن کی بندش بھی برآمد کنندگان کے لئے موجودہ مسائل اور بیک لاگ میں اضافہ کرے گی اور مقررہ وقت پر ایکسپورٹس نہ ہونے کی وجہ سے مالی نقصان اور ریپیوٹیشن کے فقدان کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بندرگاہوں کے اوقات کو شام 05:00 بجے تک بڑھایا جائے،میاں ناصر حیات مگوں نے 10-15 مئی سے مجوزہ عید تعطیلات پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا؛ جہاں بندرگاہیں، کسٹم، اور بینک بند رہیں گے؛ اور جہاز رانی کام کرتی رہیں گی۔ یہ سراسر غیر منطقی ہے، کیونکہ بندرگاہوں، کسٹم، اور بینکوں کے بغیر، شپنگ لائنوں کو چلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
این سی اوسی عید الفطر کی تعطیلات کو 3 دن تک محدود رکھے،ایف پی سی سی آئی
May 04, 2021