کرونا: مزید 79 جاں بحق، اندرون ملک پروازیں کم

May 04, 2021

 اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار خصوصی+سٹی رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے+خصوصی نامہ نگار) ملک میں کرونا سے مزید 79 افراد چل بسے، مجموعی تعداد 18149 ہوگئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق  4213 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے  اور مثبت کیسز کی شرح 9.16 فیصد رہی۔ متاثرہ کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 34 ہزار 146 ہوگئی۔ پنجاب میں مریض 3 لاکھ 6 ہزار 929 ہیں،گزشتہ روز 5 ہزار 842 مریض صحتیاب ہوئے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتے پاکستان کیلئے نازک ہیں جس کیلئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں پی آئی اے نے اندرون ملک پروازوں میں 20 فیصد کمی کر دی ۔ پی آئی اے کا فیصل آباد اور کوئٹہ کا فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوگا ،کوئٹہ کا دوسرے ملکی علاقوں سے رابطہ عید کے دنوں میں بھی بحال رہے گا ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ویکسین کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہوگیا، رواں سال جون کے آخر تک ایک کروڑ 90 لاکھ خوراک حاصل ہوجائیں گی جن میں سے90 فیصد خریداری کے ذریعے حاصل ہوں گی۔ ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے ضلع بھر میں 8 سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق 8 سے 16 مئی تک بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ اور آمدورفت پر مکمل پابندی عائد ہو گی جب کہ کھانے پینے کی اشیائقفضط سمیت میڈیکل سٹورز کے علاوہ تمام کاروباری مراکز بند ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ عید میں سیاحتی مقامات اور شہر سے باہر جانے پر مکمل پابندی ہو گی۔  فیصل آباد میں کرونا کے حملے تیز مزید 15 مریض کرونا کا شکار ہو گئے۔ الائیڈ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 29 مریض آنے سے داخل ہونے والوں کی مجموعی تعداد 235 ہو گئی۔ 10 مریض چل بسے۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ 40 سے 49 سال عمر کے افراد کی آج سے ویکسی نیشن شروع ہو گئی ہے۔ کرونا سے محفوظ رہنے کیلئے ویکسین لگوائیں۔ سب کی صحت کو محفوظ بنائیں۔ سروسز ہسپتال کی ایکسرے ٹیکنیشن کرونا سے انتقال کر گئی ہیں۔ پچاس سالہ شبانہ بی بی کی ایک ماہ قبل کرونا رپورٹ مثبت آئی تھی۔ راولپنڈی میں 75 نئے مریضوں کے اضافے کے ساتھ کرونا سے متاثرہ 3 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

مزیدخبریں