لاہور+گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) شہباز شریف سے ارکان پارلیمنٹ نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ چینی کیلئے قطار میں کھڑی ماؤں بہنوں کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ بروقت ویکسین نہ خرید کر عوام کی جان کو خطرے میں ڈالا گیا۔ حکومت سنگین مسائل پر توجہ دینے کیلئے سنجیدہ نہیں۔ مہنگائی کا غصہ ضلعی انتظامیہ پر نکالنا قابل مذمت ہے۔ مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے۔ حکومت کو احساس نہیں کہ ملک کا کتنا نقصان ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے عالمی یوم صحافت پر صحافیوں اور قلم کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن کا نام ہے۔ جس حکومت میں آزادی صحافت کی آئینی آزادی نہ ہو، اسے جمہوریت نہیں کہا جاسکتا۔ معیشت اور ملک کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا کے لئے موجودہ دور سیاہ ترین دور ہے۔ موجودہ دور میں صحافت، سچائی، اختلاف رائے کو سنگین جرم بنادیا گیا ہے جو قابل مذمت اور آمرانہ روش ہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کے دعوے کرنے والوں کو اب منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی۔ رمضان میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجائے غریب عوام پر کبھی بجلی اور کبھی تیل کی قیمتوں میں اضافے کی شکل میں ڈرون حملے جاری ہیں۔ حکومتیں نعروں، وعدوں اور دعووں سے نہیں چلتیں اس کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ایم پی اے پی پی 62 حاجی امان اللہ وڑائچ اور حاجی محمد احمد چیمہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے کیا۔شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی و رہنماؤں نے شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ وفد میں میاں عبدالرؤف (ایم پی اے) پیر اشرف سول، (ایم پی اے) رانا افضال حسین سابقہ (ایم این اے)، رانا احمد عتیق انور چیئرمین ضلع کونسل شیخوپورہ، رانا محمود الحق (ایم پی اے) سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔