چیف سیکرٹری کو غلط حقائق بتائے گئے، فردوس عاشق: وزیراعلی کو رپورٹ پیش

May 04, 2021

لاہور‘ سیالکوٹ (نیوز رپورٹر‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو جھاڑ پلانے کے معاملے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرتے ہوئے ناقص اشیائے ضروریہ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری سے تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔ سیالکوٹ رمضان بازار میں پیش آنے والے واقعہ کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے فردوس عاشق اعوان نے اہم ملاقات کی جس میں چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک بھی شریک ہوئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ رمضان بازار واقعہ کی رپورٹ پیش کی اور رمضان بازار میں ناقص اشیائے ضروریہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی ناقص پالیسی پر بھی بریف کیا۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے واقعہ بارے تفصیلی رپورٹ مانگتے ہوئے رمضان بازاروں میں حکومتی پالیسی کے مطابق معیاری اشیائے ضروریہ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامیہ فیلڈ میں نکل کر رمضان بازاروں میں حکومتی پالیسی پر عمل کرائے۔ دریں اثناء لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہا کہ بیگانے کی شادی میں عبداللہ دیوانے والے بھی کودے ہوئے ہیں اور کچھ بی جمالوں کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز رمضان بازار میں مس منیجمنٹ تھی، بدقسمتی سے چیف سیکرٹری کو حقائق مسخ کرکے بتائے گئے۔  کئی بازاروں اور یوٹیلٹی سٹورز کا دورہ کیا لیکن کہیں سے ایسا ری ایکشن نہیں آیا۔ مسائل کی نشاندہی کرنا ہمارا کام ہے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی حکومت کا حصہ ہے، ان کو نیچا نہیں دکھا رہے۔ انہیں برا منانے کی بجائے بہتری پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والا عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ اے سی صاحبہ گرمی برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔ گرمی برداشت نہ کرنیوالی خواتین فیلڈ میں نہ آئیں۔ سیالکوٹ میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت دن بدن بہتر ہو رہی ہے۔ حکومت مقامی صنعتوں کے ساتھ ایکسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ انسپکٹرز لیس بزنس پالیسی اس سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اقبال سونی اور چودھری احسن نعیم بھٹہ اور مقامی بزنس کمیونٹی کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا تھا۔اس موقع پرشیخ ہمایوں، شیخ علی، بابر اقبال، احتشام جاوید، جاوید محمود سیٹھی، امجد سونی، شیخ انصر سمیت شہر اقبال اور حاجی طارق حسین سمیت مقامی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

مزیدخبریں