سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے کئی تحاریر و تقاریر کی صورت میں بے بہا تصانیف موجود ہیں جن میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے اور یہ سلسلہ ہمیشہ جاری و ساری رہے گا‘ ان سے پھوٹنے والی روشنی آنے والے ہر دور کو منور کر تی رہے گی اور عاشقِ رسول ﷺ اسکی ضیاء و تابندگی کو بڑھانے میں اپنی بساط کے مطابق حصہ ڈالتے رہیں گے۔ مولانا رضا ثاقب کا شمار عصر حاصر کے مقبول ترین خطباء اور علماء میں ہوتا ہے۔ انکی خوش بیانی اپنی مثال آپ ہے۔ سیرت رسولﷺ پر گفتگو کرتے وقت انکی فصاحت و بلاغت کا رنگ کچھ اور ہی نظر آتا ہے۔ حضورﷺ کی زندگی کے ہر گوشے کو وہ اس طرح بیان کرتے ہیں کہ تاریک سے تاریک دل بھی روشن ہوجاتے ہیں۔ زیرنظر کتاب ’’سیرت النبیﷺ‘‘ مولانا رضا ثاقب مصطفائی کے خطبات کا مجموعہ ہے جس میں انکے زور بیاں سے ایمان کو تازگی ملتی ہے‘ ان کا علمی انداز قاری کو سوچنے اور سمجھنے کا سامان مہیا کرتا ہے۔ انتخاب کو مزید ہمہ گیر بنانے کیلئے مفصل حواشی بھی شامل کئے گئے ہیں تاکہ قاری کو کسی طرح کی تشنگی کا احساس نہ ہو۔ کتاب کے ابتداء میں تبرکاتِ نبویﷺ کی خوبصورت تصاویر پر مبنی مختصر البم دیا گیا ہے۔ 400 صفحات پر مشتمل خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ اس مجموعہ کی قیمت 995/- روپے ہے جسے دعا پبلی کیشنز‘ الحمد مارکیٹ اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے۔ (تبصرہ: ڈاکٹر سلیم اختر)