اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے عوام پر زور دیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے اور بالخصوص طور پر عیدالفطر کے موقع پر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں، ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دبائو بڑھ رہا ہے اسلئے ہر شہری کیلئے ضروری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کر کے قومی ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مہلک وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم عوام کے تعاون کے بغیر وبا پر قابو پانا نا ممکن ہے، انہوں نے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ وہ مزید مہلک وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں فیملی تقریبات کا رواج عام ہے اور خصوصی طور پر عید کے موقع پر لوگ زیادہ تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں لیکن گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ضروری ہے کہ عوام کی صحت اور ان کی زندگیوں کے وسیع تر مفاد میں ہم تقریبات میں سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کی طرف سے قبائلی علاقوں کیلئے ترقیاتی سکیموں کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
حکومت عوام کو کروناسے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، علی محمدخان
May 04, 2021