کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ قومی الائنس کے سربراہ خدا بخش شیخ نے کہا ہے کہ پی پی پی میں کراچی کے عوام اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی شمولیت کراچی میں سوچ کی تبدیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیدہ تحسین عابدی، رضوان احمد فکری، شہنیلہ رضوان، آیان سمید خانزادہ، عادل خان، عبدالحفیظ، محمد علی، عماد و اے پی ایم ایس او اور ایم کیو ایم پاکستان کے اہم رہنماؤں کی شمولیت تبدیلی کا اشارہ ہے۔ شامل ہونے والوں کو مبارکبادپیش کرتے ہیں۔خدا بخش شیخ نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات کچھ بھی ہوں لیکن ہم سندھ میں اتحاد اور مہاجروں اور سندھیوں میں خلیج کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ سیدہ تحسین عابدی نے کہا کہ سندھ کی دیہی اور شہری کی تفریق کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں گے۔ پیپلز پارٹی وفاقی جماعت ہے اور اس نے ملک کو 1973کا آئین اور صوبوں کو اٹھارویں ترمیم سے خود مختاری دیکر تاریخی کام سر انجام دیا ہے۔ ہماری سوچ ملک اور صوبہ کی ترقی کی ہے۔ این اے 249میں عوام نے فیصلہ کردیا ہے کہ پی پی پی نے کراچی کے عوام کی سوچ بدل دی ہے۔ خدا بخش شیخ نے کہا کہ سندھیوں اور مہاجروں کی صوبہ کی ترقی اور ملک کر چلنے کی سوچ بہترین عمل ہے۔ سندھ قومی الائنس اسکی تائید کرتی ہے۔ رضوان احمد فکری نے کہا کہ لسانیت اور محدود سوچ نے بہت نقصان کیا ہے اور سیاست میں انتقام کی روایتوں کو اب پیروں تلے کچلنے کا وقت ہے۔پی پی پی رہنما شہنیلہ رضوان نے کہا کہ عصبیت نے صوبہ کی ترقی کو گھن لگا دیا اور اب اسکی ضرورت ہے کہ تمام اکائیاں متحد ہوکر کام کریں وفاق صرف وعدے نہ کرے 1446ارب خرچ کئے جائیں۔ نائب صدر سندھ قومی الائنس کریم خانزادہ نے پی پی پی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سندھ کے مفادات کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ آیان سمید خانزادہ، عادل خان، عبدالحفیظ، محمد علی، عماد نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوجوان قائد بلاول بھٹو کی سرکردگی میں کراچی میں اہم رول ادا کریں گے۔