میکسیکو میں میٹرو ٹرین کا پل گرنے سے ٹرین زمین پر آگری جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ میکسیکو کے اولیووس اسٹیشن پر پیش آیا جہاں ٹرین کے گزرتے ہوئے پل کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی کئی بوگیاں زمین پر آگریں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں اب تک 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے اور متعدد زخمی ہیں جبکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو اہلکار حادثے کا شکار ہونے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی افراد نے 2017 کے زلزلے کے بعد پل میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پل کے بعض حصوں کی مرمت کی تھی۔میکسیکو کی میئر نے بھی 23 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں کم از کم 70 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا امکان ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔حادثے کے ایک عینی شاہدکے مطابق ٹرین کی آمد پر پل ہلنا شروع ہوگیا اور پل گرتے ہی سب جگہ دھول مٹی پھیل گئی۔
میکسیکو میں پل گرنے سے ٹرین زمین پر آگری، 23 افراد ہلاک،70 زخمی
May 04, 2021 | 22:30