سائنسدانوں نے سادہ غذا اور فاقہ کرنے کو زندگی بڑھانے کا نسخہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے غذائی ماہر نے کہا ہے کہ فاقہ اور مناسب سادہ غذا کے امتزاج کو برقرار رکھتے ہوئے انفرادی سطح پر زندگی کو بڑھایا جا سکتا ہے۔اس ضمن میں سائنسی ماہرین نے جین، غذائیت، فاقہ اور دیگر اہم امور کو مطالعے میں شامل کیا ہے۔لیکن اس کا کوئی لگا بندھا فارمولہ نہیں اور نہ ہی ایک شخص کا نسخہ دوسرے کے لیے کارآمد ہوسکتا ہے۔اب جو فہرست دی گئی ہیں ان میں نان ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس شامل ہیں جن میں مکمل اناج، دالیں، ہرموسم کے پھل اور سبزیاں، گری دار میوے یعنی بادام، پستے، اخروٹ اور دیگر طرح کے مغزیات، زیتون کا تیل اور گہری رنگت والی چاکلیٹ شامل ہیں۔اس کے ساتھ وقفہ دار فاقے کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے یعنی ضروری ہے کہ ہر تین سے چار ماہ بعد پانچ روز تک 12 گھنٹے کچھ بھی نہ کھایا جائے تو اس سے فائدہ ہوتا ہے۔