لاہور(کامرس رپورٹر )آل پاکستان مرکزی یونین پان سگریٹ مشروب ریٹیلرز کے تحت گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت حاجی مبین یوسف بٹ نے کی۔ مظاہرے میں پان سگریٹ مشروبات فروخت کرنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر سگریٹ کی قانونی صنعت پر ٹیکس کی بھرمار اور غیرقانونی سگریٹ کی طلب میں اضافہ کی وجہ سے ریٹیلرز کے روزگار کو درپیش مسائل کے حل کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین نے نعرے بازی کی اور حکومت سے قانونی سگریٹ پر ٹیکسوں کی شرح پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں شریک دکانداروں کا کہنا تھا کہ ایک جانب ہوش رباء مہنگائی ہے دوسری جانب ٹیکسوں کی بھرمار جو سگریٹ کے عادی ہیں وہ سگریٹ نوشی ترک نہیں کررہے بلکہ سستے سگریٹ کی جانب منتقل ہورہے ہیں جو زیادہ تر سمگلنگ اور ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے غیر قانونی ہیں۔