لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کو سیریز کے واحد چار روزہ میچ میں 10وکٹوں سے شکست دیدی۔ چٹو گرام میں میچ کے آخری دن پاکستان ٹیم کو جیتنے کیلئے 22 رنز کا ہدف ملا۔ اوپنرز شاہ زیب خان اور اذان اویس نے بالترتیب 19اور 4رنز بناکر ٹیم کوساتویں اوور میں جیت سے ہمکنار کردیا۔میزبان ٹیم دوسری اننگز میں292 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شہریار ثاقب106 رنز بناکر نمایاں رہے۔ علی اسفند نے 4 ‘ عرفات نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہ زیب کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔بنگلہ دیش انڈر19پہلی اننگز میں 149 ‘دوسری اننگز میں 292 رنز آل آؤٹ۔پاکستان پہلی اننگز میں420 رنز آل آؤٹ۔ون ڈے سیریز چھ مئی سے شروع ہوگی۔ پاکستان انڈر 19 کپتان سعد بیگ نے کہا کہ کھیل کے تمام دن ہماری تینوں شعبوں میں کارکردگی بہت اچھی رہی۔شاہ زیب خان کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ علی اسفند کی بائولنگ تھی ۔ اپنی ٹیم کی کارکردگی سے بہت مطمئن ہوں۔
انڈر 19کرکٹ: پاکسیان نے بنگلہ دیش کو 4روزہ میچ 10وکٹوں سے ہرادیا
May 04, 2023