اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی روابط ہیں جو کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ بدھ کو کنگ چارلس تھری کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کیلئے برطانیہ روانگی سے قبل اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ برطانوی شاہی خاندان ہمیشہ پاکستان کا عظیم دوست رہا ہے۔ کنگ چارلس تھری کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ میں دولت مشترکہ رہنمائوں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا۔ اس موقع پر عالمی رہنمائوں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت اور تبادلہ خیال کا موقع بھی میسر آئے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہبازشریف نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر کے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس ماحول میں وہ کام کرتے ہیں وہ اکثر چیلنجوں اور خطرات سے بھر پور ہوتاہے، صحافت کے نگران کردار نے جمہوریت اور شفاف حکمرانی میں مدد کی ہے۔ پاکستان کے صحافیوں کو عوام کو آگاہی اور تعلیم دینے کے قابل تعریف کام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ صحافت کے واچ ڈاگ کردار نے جمہوریت اور شفاف حکمرانی کے نظریات کے فروغ میں معاونت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف قطر اور لندن کے 4 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف پرسوں 6 مئی کو لندن میں شاہ چارلس کی رسم تاج پوشی میں بھی شرکت کریں گے۔ لندن پہنچنے پر پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر اور برطانیہ کے وزیرِ خارجہ کے خصوصی نمائندے نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔
صحافت شفاف حکمرانی کیلئے مددگار، شہباز شریف: بادشاہ چارلس کی تاجپوشی میں شرکت کیلئے برطانیہ پہنچ گئے
May 04, 2023