سی پیک کیخلاف پراپیگنڈا مسترد‘ 10 سالہ تقریبات منائیں گے: احسن اقبال

May 04, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے   تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو جولائی 2023 ء میں ہونے والی آئندہ مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ ہدایات سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو سی پیک منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس مستقل بنیادوں پر کریں تاکہ منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے وزارتوں کو آئندہ جے سی سی کے لیے ٹھوس ایجنڈے کے ساتھ تجاویز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی جس میں دونوں ممالک سی پیک کے 10 سالہ جشن کی تقریبات بھی منائیں جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے سی پیک کے خلاف منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کو بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں چینی حکام کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جائے گی تاکہ سی پیک کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کو ایک واضح پیغام دیا جا سکے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی، بجلی، کنسٹرکشن، معاشیات اور ایکسپورٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے کنسلٹنٹس اور ماہرین کو وزارت میں ہائر کیا جائے گا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کی متوازی تقسیم کو یقینی بنانا ترجیح ہے، پائیدار اور مستحکم ترقی کا انحصار ہر فرد، طبقہ اور علاقے تک ترقی کے ثمرات فراہم کرنے پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت پسماندہ اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا 20 پسماندہ ترین اضلاع میں ترقی کے لئے پیکج تیار کیا گیا جس میں 50 فیصد وفاقی حکومت اور 50 فیصد صوبائی حکومتیں حصہ ڈالیں گی۔

مزیدخبریں