مسلسل تیسرے ہفتے مہنگائی میں کمی برقرار، 18 اشیا سستی، 15 مہنگی: ادارہ شماریات

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں کمی کا رُجحان برقرار رہا۔ 2 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں ایک فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہو کر 24.37 فیصد کی شرح پر آگئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ اٹھارہ اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آلوکی قیمت میں 6.06 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.85 فیصد، نمک کی قیمت میں 0.91 فیصد، خشک دودھ کی قیمت میں 0.70فیصد، مٹن کی قیمت میں 0.65 فیصد، بیف کی قیمت میں 0.45 فیصد، انڈے کی قیمت میں 0.53 فیصد، دہی کی قیمت میں 0.46 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.51فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح ٹماٹر کی قیمت میں 22.05 فیصد، پیاز کی قیمت میں 7.71 فیصد، چکن کی قیمت میں 8.03فیصد، ڈیزل آئل کی قیمتوں میں 2.89 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں 1.84فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں2.36 فیصد، آٹا کی قیمت میں6.88 فیصد، دال مسور کی قیمت میں 1.25فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں0.90 فیصد اور سرخ مرچ پائوڈر کی قیمتوں میں 2.59 فیصد کمی ہوئی۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں17.55فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں21.19فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں28.07فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 25.53 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 22.09 فیصد رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن