سٹاک مارکیٹ تیز، 1244 پوائنٹس اضافہ، 71 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

May 04, 2024

کراچی ( کامرس رپورٹر ) گزشتہ 3 دنوں سے جاری 3 فیصد کریکشن کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ سے مندی کے بادل چھٹ گئے اور جمعہ کو زبردست تیزی کا رجحان غالب آگیا جس کی وجہ سے مارکیٹ ایک بار پھرنہ صرف71ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گئی۔   گزشتہ روز کے ایس ای100انڈیکس میں 1244.45پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 70657.64 پوائنٹس سے بڑھ کر 71902.09 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح  360.77 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 23234.08 پوائنٹس سے بڑھ کر 23594.85 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 46150.31 پوائنٹس سے بڑھ کر 46919.98 پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب 39ارب 98کروڑ 18لاکھ 33ہزار 850روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 96کھرب57ارب 12کروڑ 45لاکھ 70ہزار204روپے سے بڑھ کر97کھرب97ارب10کروڑ64لاکھ4ہزار54روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو24ارب روپے مالیت کے 45کروڑ 21لاکھ55ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں10پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر278.40روپے سے بڑھ کر278.50روپے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں17پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر279.65روپے سے گھٹ کر279.48روپے پر آ گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 1400روپے سستا ہو کر 2لاکھ23ہزار600روپے کا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو دس گرام سونے کی قیمت میں1201روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت2لاکھ5ہزار418روپے ہو گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں11ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا2297روپے پر آگیا۔

مزیدخبریں