عالمی یوم صحافت پر خضدار میں بم دھماکہ، صدر پریس کلب سمیت 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

May 04, 2024

اسلام آباد+ کراچی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے دھماکے میں پریس کلب کے صدر محمدصدیق مینگل جاں بحق ہو گئے۔ عالمی یوم صحافت پر بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے چمروک میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکہ ہوا جس میں صدر خضدار پریس کلب محمد صدیق مینگل سمیت 3 جاں بحق اور 7 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے گھر سے یونیورسٹی جاتے ہوئے خضدار پریس کلب کے صدر کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں صدیق مینگل موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ واقعے میں زخمی ہونے والے راہگیروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے دو زخمی جانبر نہ ہو سکے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس امدادی ٹیموں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے لگے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خضدار دھماکے میں خضدار پریس کلب کے صدر مولانا محمد صدیق مینگل کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے شہید کیلئے مغفرت اور ان کے اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے میں پریس کلب خضدار کے صدر محمد صدیق مینگل اور دیگر2 افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ کے دفتر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے خضدار میں پریس کلب کے سامنے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ضیاء الحسن لنجار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سندھ میں اگلے حکم تک سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں، اہم سرکاری و نجی دفاتر، بلڈنگز سمیت حساس تنصیبات پر سکیورٹی اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی و چیکنگ اقدامات کو ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پولیس تعیناتی کو نمایاں رکھنے کے علاوہ ڈیوٹی پوائنٹس خالی نہ چھوڑے جائیں اور ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں آئیں۔جے یو آئی آف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خضدار دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے دھماکے میں مولانا صدیق مینگل کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے عوام کی جان و مال کا کوئی پرسان حال نہیں، مجرموں کو سزا دی جائے۔

مزیدخبریں