اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے چیئرمین ایف بی آر کو کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی اور محصولات وصولی بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ محصولات کے اہداف حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ قبل ازیں وزیرخزانہ نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین ایف بی آر اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں محصولات وصولی پر ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر کی رواں مالی سال محصولات اکٹھا کرنے کی کوششوں پر بریفنگ دی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اجلاس کے دوران زیر التوا قانونی مقدمات سمیت دیگر مختلف امور بھی زیر بحث آئے اور پھنسے ہوئے محصولات کی جلد از جلد وصولی کے لئے تمام زیر التوا قانونی مقدمات کو فعال طور پر آگے بڑھانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔