او آئی سی اجلاس: پاکستان نے غزہ کے غیر انسانی محاصرے کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کر دیا

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) او آئی سی کی وزرائے خارجہ کانفرنس میں پاکستان نے غزہ کی صورتحال پر دو ریاستی حل کے حصول کو محفوظ بنانے کے لیے ایک جامع، شفاف اور ناقابل واپسی امن عمل کے جلد از جلد دوبارہ آغاز پر زور دیا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل دشمنی کے خاتمے کے لیے اپنی قرارداد 2728 پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے دو ریاستی حل کے حصول کو محفوظ بنانے کے لیے ایک جامع، شفاف اور ناقابل واپسی امن عمل کے جلد از جلد دوبارہ آغاز پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کی وزارتی کمیٹی کو دوبارہ فعال ہونا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے اسرائیل کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال اور غزہ کے غیر انسانی محاصرے کے فوری خاتمے  کیلئے مشترکہ  جدو جہد کا مطالبہ کیا۔  انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا واحد مستقل حل ایک محفوظ، قابل عمل، متصل اور خودمختار ریاست کے قیام میں مضمر ہے، فلسطین جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہے۔ نائب وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور میڈیا بلیک آؤٹ سمیت جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی حمایت کا وعدہ کیا۔ وزیر خارجہ نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے او آئی سی کے مشترکہ اقدام کی ناگزیر ضرورت پر زور دیا۔ اسلامو فوبیا کا اظہار دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ہوتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اجلاس اس وقت گیمبیا کے شہر بنجول میں جاری ہے۔ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو متفقہ طور پر کانفرنس بیورو کا وائس چیئر منتخب کیا گیا۔ دریں اثناء پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گیمبیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور گیمبیا کی حکومتوں کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنجول، گیمبیا میں 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ گیمبیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر مامادو تنگارا کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی وابستگی، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی گہرے تعلقات کو سراہا اور گیمبیا کی حکومت کو 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پاکستان اور گیمبیا کے تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ تجارت، زراعت، تعلیم اور سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں اعلی سطح کے مذاکرات اور تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن