لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے ڈبلیو ایچ اوکی ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی بحیرہ روم ڈاکٹر حنان بلخی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت کی بہتر سہولتوں کے لئے اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈبلیو ایچ او ریجنل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے پر ڈاکٹر بلخی کو مبارکباد دی۔ مریم نواز شریف نے ہیلتھ سیکٹر خصوصی طور پر عوام میں انفیکشن کنٹرول کے حوالے سے ڈاکٹر حنان بلخی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ اور علاج کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ساتھ مکمل تعاون اور معاونت کی جائے گی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اولین ترجیح ہے۔ پانچ سال کے اندر ہر ضلع میں سٹیٹ آف دی آر ٹ ہسپتال بنانے کا ہدف پورا کریں گے۔ ڈاکٹر حنان بلخی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں آباد افراد کو وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات ضروری ہیں۔ قدرتی آفات کی ہنگامی صورتحال میں صحت کی بروقت سہولیات فراہم کرنے میں ڈبلیو ایچ او تعاون فراہم کرے گا۔ آزادی صحافت کے عالمی دن پر وزیر اعلیٰ نے اپنے پیغام میں ذمہ داری کے ساتھ آزادی اظہار کے لئے کوشاں صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آزادی اظہار کیلئے شہید ہونے والے برصغیر کے پہلے صحافی مولوی محمد باقر کو سلام اور دور آمریت میں حریت فکر کا علم بلند کرنے والے ہر صحافی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ میڈیا نے اجتماعی شعور بیدار کرنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لئے آزادی صحافت ضروری ہے اور آزادی صحافت کے لئے احساس ذمہ داری ناگزیر ہے۔ جمہوریت اور شفافیت کے لئے آزادی اظہارِ رائے لازم ہے۔ حکومت پنجاب صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ مریم نواز شریف نے چلاس ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، خضدار میں دھماکے کی مذمت کی ہے اور پریس کلب کے صدر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آزادی صحافت کے دشمن کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔