کاہنہ: فیملی یرغمال بنا کر ساڑھے 5، مناواں میں 4 لاکھ کا ڈاکہ 

لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ گرین ٹاؤن سے سماجی شخصیت شوکت علی کی موٹرسائیکل چوری ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے کاہنہ کے علاقے میں شکیل کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، مناواں کے علاقے میں محسن اور اس کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 4لاکھ 10ہزار روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات، راوی روڈ کے علاقے میں فاروق اور اس کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، اسلام پورہ کے علاقے میں نعیم سے 65 ہزار روپے اور موبائل فون، باٹا پورکے علاقے میں فرحان سے 23ہزار 5سو روپے اور موبائل فون، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں وسیم سے17ہزار روپے اور موبائل فون، وحدت کالونی کے علاقے میں عبداللہ سے15ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا کے علاقے میں بابر سے 8ہزار روپے اور موبائل فون، ہنجروال کے علاقے میں عباس سے5ہزار روپے اور موبائل فون، اسلام پورہ کے علاقے میں شاہد سے 8ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے ڈیفنس کے علاقے میں شاداب کے گھر گھس کر6لاکھ 60ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور الیکٹرانکس سامان چوری کرلیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے نصیرآباد،گلبرگ اور ساندہ کے علاقوں میں سے 3 گاڑیاں جبکہ بھاٹی گیٹ، غازی آباد، ڈیفنس، لاری اڈہ، ہنجروال، شالیمار اور ملت پارک کے علاقوں میں سے 7موٹر سائیکلیں چوری کرلی ہیں۔ سیکٹر ڈی ٹو بلاک 3 میں شوکت علی کے گھر کے سامنے کھڑی موٹرسائیکل سی ڈی 70 چوری ہو گئی۔ 

ای پیپر دی نیشن