رائے ونڈ ( این این آئی) مٹھائی بنانے والی فیکٹری کی دو منزلہ عمارت دھماکے سے زمین بوس ہوگئی،راہگیر جاں بحق ،2افراد زخمی ہو گئے ، حادثہ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ مانگا روڈ پر واقع فوڈ کمپنی میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اچانک زور دار دھماکے کیساتھ دو منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی،عمارت کا ملبہ گرنے سے راہگیر محمد قاسم جاں بحق جبکہ فیکٹری کے دو ملازم زخمی ہوگئے جنہیں مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے،واقعہ کی اطلا ع ملتے ہی چیف بوائلر انجینئر پنجاب نواز چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ زینب طاہرہ سمیت دیگر اعلی افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے،فیکٹری کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ فیکٹری میں شام 5بجے کام بند ہو جاتا ہے فیکٹری میں موجود بوائلر درست حالت میں موجود ہے اور سلنڈرز سٹاک بھی مکمل ہے۔جنرل منیجر فیکٹری رانا مقبول اعجاز کے مطابق فوڈ کمپنی کی گرنے والی عمارت سویٹس سیکشن ہے جبکہ فیکٹری بند ہونے کی وجہ سے بوائلر مکمل طور پر بند اور سلنڈر سٹاک مکمل ہے ۔ملبہ صاف ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات منظر عام پر آئیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ٹی وی چینل بوائلر پھٹنے کی خبریں نشر کررہے ہیں جو کہ سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں ۔انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ کمپنی تما م سرکاری ایس او پیز پر عمل پیرا ہے،فیکٹری میں بوائلر اور سلنڈر پھٹنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ،دو منزلہ عمارت گرنے کے اسباب جانے کے لئے کمپنی کی طرف سے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ،ملبہ صاف ہونے کے بعد حادثے کے حقائق سامنے آئیں گے۔اے سی رائے ونڈ زینب طاہر ہ،چیف بوائلر انجینئر نواز چیمہ نے بھی بوائلر اور سلنڈ ر پھٹنے کے واقعہ کی تردید کی ۔ انکا کہنا تھا کہ عمارت گرنے کی وجہ ملبہ اٹھانے کے بعد منظر عام پر آئے گی ۔
رائے ونڈ،فیکٹری کی دو منزلہ عمارت دھماکے سے زمین بوس ،راہگیر جاں بحق ،2افراد زخمی
May 04, 2024