لاہور (نوائے وقت رپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے چاند پر پاکستان کے سیٹلائٹ مشن ’’آئی کیوب قمر‘‘ کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مواقع دستیاب ہوں تو پاکستانی سائنس و ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں۔ آئی کیوب قمر مشن کی کامیاب لانچنگ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی (IST) کے اساتذہ، طلبہ اور سپارکو ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ معاشی بدحالی سے نکلنے کا واحد راستہ آئی ٹی و دیگر جدید ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینے میں ہے۔نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے سازگار ماحول اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے سیٹلائٹ مشن کی کامیابی کیلئے دعا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔