وزیر زراعت پنجاب کا ممبران صوبائی اسمبلی کے ہمراہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ 

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کا ممبران صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم، چوہدری ضیاالرحمان، چوہدری اسامہ فضل، اسامہ لغاری اور زاہد اکرم کے ہمراہ کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ  کا دورہ۔سیکرٹری زراعت پنجا ب افتخار علی سہو اور سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔وزیر زراعت پنجاب نے دورہ کے دوران کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تحت لگائے گئے تجرباتی ٹرائلز کا معائنہ کیا اورسائنس دانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی اقسام کی دریافت بارے ہدایات دیں۔انہوں نے ریسرچ ٹرائلز میں لگائی گئی بھنڈی توری جیسے پتوں والی قسم کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپاس کی ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے خلاف قوتِ مدافعت رکھتی ہوں۔ ایسی اقسام دریافت کی جائیں جو کاشتکاروں کے لیے منافع بخش ہوں۔ دریافت شدہ اقسام مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ہوں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق ریسرچ کو ڈیزائن کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کپاس، گندم اور چاول کے معیار اور پیداوارمیں بہتری کیلئے 1.5 ارب روپے کی لاگت سے جدید ترین ریسرچ سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اورسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں پودا بھی لگایا۔

ای پیپر دی نیشن